نئی دہلی،24/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کانگریس کی تریپورہ یونٹ کے صدر پردیت دیو برمن نے منگل کو استعفے کا اعلان کیا اور الزام لگایا کہ پارٹی میں بدعنوان لوگوں کو اونچے عہدوں پر بٹھایا جا رہا ہے۔انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے استعفی کا اعلان کیا۔فی الحال کانگریس نے ان کے استعفی اور الزام پر کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے۔برمن نے کہاکہ آج جب میں سوکر اٹھا تو بہت آرام دہ محسوس کر رہا ہوں۔ آج کے دن کا آغاز میں جھوٹ بولنے والوں اور مجرموں کو بغیر سنے کر رہا ہوں۔آج مجھے یہ فکر نہیں ہے کہ میرا کون سا ساتھی میری پیٹھ میں چھرامارے گا۔مجھے گول بندی نہیں کرنی پڑ رہی ہے، نہ ہی مجھے ہائی کمان سے یہ سننا پڑ رہا ہے کہ کس طرح بدعنوان لوگوں کو پارٹی کے اونچے عہدوں پر بٹھایا جائے۔انہوں نے کہاکہ آج جب میں صبح سوکر اٹھا، مجھے احساس ہوا کہ ان غلط لوگوں کی وجہ سے میری صحت اور زندگی کو کتنا نقصان ہوا۔ایسا اس لئے ہوا کیونکہ میں ان بدعنوان لوگوں کو پارٹی کے اونچے عہدوں پر بٹھانے کے لئے تیار نہیں تھا جو ہمارے پردیش کو برباد کریں گے۔ میں نے کوشش کی اور شاید میں ہار گیا۔لیکن شروع سے ہی اس جنگ میں تنہا ہونے پر میں کس طرح جیت سکتا تھا؟